کراچی(اسٹاف رپورٹر )سی او او واٹر کارپوریشن انجینئر اسداللّٰہ خان نے کہا ہے کہ پانی کی چوری شہر میں قلت آب کی بڑی وجہ ہے ، یہ بات انہوں نے رینجرز کے اعلیٰ حکام کے ہمراہ ناظم آباد کا دورہ کرکے پانی چوری کے خاتمے اور پانی کی منصفانہ فراہمی کے لیے جاری آپریشن کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے کہی ، دورے میں صدر سائٹ ایسوسی ایشن احمد عظیم اور سلیم بارک بھی موجود تھے، اس موقع پر سی او او واٹر کارپوریشن کا کہنا تھا کہ رینجرز نے اس آپریشن کی کامیابی میں کلیدی اور مثالی کردار ادا جبکہ اینٹی تھیفٹ سیل واٹر کارپوریشن نے بھی غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ،انہوں نے بتایا کہ مشترکہ کارروائی کے دوران آٹھ غیر قانونی کنکشنز منقطع کیے گئے ، پانی چوری میں ملوث ایک بڑا منظم نیٹ ورک بے نقاب ہوا ہے، دوسری جانب سائٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے رینجرز اور واٹر کارپوریشن کی کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات شہر کے مفاد میں نہایت اہم اور قابلِ ستائش ہیں۔