• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنگ بندی کے باوجود غزہ میں خونریزی جاری، 9 فلسطینی شہید، امداد کی ترسیل پر اسرائیلی پابندی برقرار

کراچی (نیوز ڈیسک) جنگ بندی کے باوجود غزہ میں خونریزی جاری، 9فلسطینی شہید ،امداد کی ترسیل پر اسرائیلی پابندی برقرار، ملبے تلے سے 38لاشیں برآمد، مجموعی شہادتیں 67,913تک پہنچ گئیں،ریڈ کراس کو اسرائیل سے 45فلسطینی قیدیوں کی لاشیں موصول ہوگئی ہیں۔ متعدد لاشیں اب بھی ملبے اور سڑکوں پرموجود ، ایمبولینس و ریسکیو ٹیموں کو رسائی حاصل نہیں، ٹرمپ کے امن دعوئوں پر شکوک ،ان کا فوکس صرف مغویوں کی رہائی تک محدود رہا۔اسرائیل انسانی امداد غزہ میں داخل نہیں ہونے دے رہا، اقوامِ متحدہ کا الزام، تین ماہ کی خوراک اور ادویات مصر و اردن میں رکی ہوئی ہیں—۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے باوجود غزہ میں تشدد اور انسانی المیہ جاری ہے۔ گزشتہ 24گھنٹوں میں اسرائیلی حملوں اور فائرنگ سے کم از کم 9 فلسطینی شہید ہوئے، جن میں6 کا تعلق غزہ شہر سے ہے۔غزہ کی وزارتِ صحت کے مطابق گزشتہ روز 44 لاشیں اسپتالوں میں لائی گئیں، جن میں سے 38ملبے کے نیچے سے نکالی گئیں، جب کہ29افراد زخمی حالت میں اسپتال پہنچائے گئے۔ وزارت کے مطابق متعدد لاشیں اب بھی ملبے اور سڑکوں پر پڑی ہیں، جن تک ایمبولینس اور ریسکیو ٹیموں کو رسائی حاصل نہیں۔ وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ7 اکتوبر 2023سے اب تک شہادتوں کی مجموعی تعداد 67,913اور زخمیوں کی تعداد170,134 تک پہنچ گئی ہے۔اس دوران ریڈ کراس نے تصدیق کی ہے کہ اسے اسرائیل کی جانب سے 45فلسطینی قیدیوں کی لاشیں موصول ہوئی ہیں، جن کا پوسٹ مارٹم جاری ہے تاکہ وجۂ موت معلوم کی جا سکے۔

دنیا بھر سے سے مزید