• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

جیو فلمز کی پیشکش ’دیمک‘ پاکستان میں کروڑوں کا کامیاب بزنس کرنے کے بعد اب امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلس میں بھی اپنے جادو سے ناظرین کو متاثر کر رہی ہے۔ 

ڈیلس کے معروف اینجلیکا فلم سینٹر میں اس فلم کی خصوصی اسکریننگ اور ریڈ کارپٹ ایونٹ کا اہتمام کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں پاکستانی، انڈین اور جنوبی ایشیائی کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔

اس یادگار تقریب کا انعقاد ریڈیو آزاد اور وہ واہ پروڈکشنز کے اشتراک سے کیا گیا۔ ریڈ کارپٹ پر فلم کی مرکزی اداکارہ سونیا حسین، سمن انصاری، ہدایتکار رافیع راشدی، اور پروڈیوسر سید مراد علی نے شرکت کی۔ 

تقریب میں موجود حاضرین نے فلم کے موضوع، اداکاری اور جدید وی ایف ایکس مناظر کو بھرپور انداز میں سراہا۔

ہدایتکار رافیع راشدی نے کہا کہ پاکستان کے بعد ہمیں دنیا بھر سے بہت اچھا ریسپانس مل رہا ہے اور وہ اس ضمن میں ’دیمک ٹو‘ بنانے پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں۔ یہ صرف ایک ہارر فلم نہیں، بلکہ ایک ایسا فنی تجربہ ہے جس کے ذریعے کئی سماجی اور نفسیاتی پیغامات دیے گئے ہیں۔ ہم نے کوشش کی ہے کہ آرٹ، جذبات اور حقیقت کے بیچ توازن قائم رہے۔

اداکارہ سونیا حسین نے کہا کہ امریکا میں کمیونٹی کی محبت اور پذیرائی کا جذبہ قابلِ تحسین ہے۔ میرا کردار بہت جذباتی اور چیلنجنگ تھا۔ اس میں انسان کے اندر چھپی کمزوریوں اور طاقت کو ظاہر کیا گیا ہے۔

اداکارہ سمن انصاری نے فلم کی پروفیشنل کوالٹی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ فلم پاکستانی سینما کے نئے دور کی نمائندگی کرتی ہے جس نے کم بجٹ میں عالمی معیار کی پروڈکشن پیش کی اور یہ ہمارے لیے فخر کی بات ہے۔

اس موقع پر پروڈیوسر سید مراد علی نے کہا کہ دیمک کو پاکستان میں بھرپور پذیرائی ملی اور اب ہمیں امریکا، کینیڈا اور یورپ میں بھی شاندار ریسپانس مل رہا ہے۔ ہمارا مقصد یہ دکھانا ہے کہ پاکستان میں عالمی معیار کی فلمیں کم وسائل میں بھی بن سکتی ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید