اسلام آباد (نیوزڈیسک )پاکستان اور افغانستان نے مشترکہ طور پر جنگ بندی میں توسیع پر رضامندی ظاہر کی ہے۔دونوں ممالک کے وفود آج قطر کے دارالحکومت دوحاپہنچیں گے‘برطانوی خبررساں ایجنسی نے پاکستانی سکیورٹی حکام اور افغان طالبان کے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ افغانستان اور پاکستان نے دوحا میں ہونے والی بات چیت کے اختتام تک جنگ بندی میں توسیع کی ہے۔افغانستان میں طالبان کے مرکزی ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے برطانوی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ پاک افغان جنگ بندی میں توسیع کر دی گئی ہے تاہم ان کا دعویٰ تھا کہ یہ اقدام پاکستان کی درخواست پر کیا گیاہے۔ذبیح اللہ مجاہد نے مقامی نیوز چینل کو بتایا کہ پاکستان سے بات چیت کے لیے افغان طالبان کا وفد دوحا جائے گا۔ انہوںنے کہا تھا کہ ان مذاکرات کا مقصد جنگ بندی اور کشیدگی میں کمی لانا ہے‘یاد رہے کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین کشیدگی میں کمی کیلئے مذاکرات قطر کے دارالحکومت دوحا میں آج ہفتے کے روزہوں گے۔سفارتی ذرائع کے مطابق طالبان وفد کی قیادت وزیرِ دفاع ملا یعقوب جبکہ پاکستانی وفد کی قیادت سینئرسکیورٹی حکام کریں گے۔