اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان نے ایک روبوٹ چاند پر بھیجنے پر کام شروع کر دیا۔ پاکستان کے قومی خلائی ادارے سپارکو کے جنرل منیجر ڈاکٹر عدنان اسلم نے بتایا کہ پاکستان اپنا ایک روبوٹ روور چاند پر بھیجنے کے مشن پر کام کر رہا ہے۔ ایک گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ 2028 سے پہلے اس مشن کو مکمل کرنے پر کام کیا جارہا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستانی خلا باز کو چاند پر اتارنے کے مشن پر بھی کام کیا جارہا ہے، مگر اس حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔ خیال رہے کہ فروری 2025 میں سپارکو نے اعلان کیا تھا کہ پاکستان کا چاند پر بھیجے جانے والا پہلا روور مشن 2028 میں روانہ کیا جائیگا۔اس موقع پر روور کا نام رکھنے کیلئے سپارکو کی جانب سے ایک ملک گیر مقابلے کا بھی اعلان کیا گیا۔2028 میں چین کے چینگ ای 8 مشن کے ساتھ چاند پر پاکستان کا پہلا روور بھیجا جائیگا۔اس روور کا وزن لگ بھگ 35 کلوگرام ہوگا اور چینی مشن کے ساتھ یہ چاند کے قطب جنوبی پر لینڈ کریگا۔ چینگ ای 8 مشن کو چین کے Wenchang اسپیس سینٹر سے روانہ کیا جائیگا اور اسکی کامیابی کی صورت میں پاکستان چاند کی سطح پر روور بھیجنے والا چھٹا ملک بن جائیگا۔ اس مشن کے دوران پاکستانی روور چاند کے قطب جنوبی کی سطح کا تجزیہ کریگا جبکہ مختلف سائنسی تجربات بھی کیے جائینگے۔ واضح رہے کہ اتوار کو چین کے تعاون سے پاکستان کا پہلا ہائپر اسپیکٹرل سیٹلائٹ خلا میں روانہ کیا گیا۔