ایشین یوتھ گیمز کے لیے پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے این او سی جاری نہ ہونے پر باکسنگ سمیت دیگر کھیلوں کے کھلاڑی گیمز میں شرکت پر تشویش کا شکار ہیں۔
بحرین میں ہونے والے ایشین یوتھ گیمز (پین ایشین ملٹی سپورٹس ایونٹ) کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز 22 اکتوبر سے ہو رہا ہے اور اب اس کے آغاز میں صرف 3 دن کا وقت رہ گیا ہے۔
کئی کھلاڑیوں کو پی ایس بی کی جانب سے این او سی جاری نہیں ہو سکا ہے، جس پر کھلاڑی اور ایسو سی ایشنز کے عہدیدار تشویش کا شکار ہیں۔
پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل عرفان یونس سے جب جنگ نے اس بات کی تصدیق چاہی کہ باکسنگ ٹیم کو این او سی جاری نہیں ہو سکا ہے تو ان کا کہنا تھا کہ جی یہ درست ہے، ہمارے 2 باکسرز اور 1 کوچ کو ابھی تک این او سی جاری نہیں ہو سکا ہے، اس بناء پر ٹیم کی شرکت کا امکان نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس بی سی بات چیت چل رہی ہے، ہم نے انہیں تمام دستاویزات ستمبر میں بھیج دی تھیں، اس کے باوجود این او سی جاری نہیں ہو سکا۔
پی ایس بی نے مختلف کھیلوں کے لیے ایک لسٹ جاری کی ہے، جس میں این او سی دیے گئے ہیں لیکن باکسنگ سمیت دیگر کھیلوں کو ابھی تک انتظار میں رکھا ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یوتھ گیمز کے لیے ہمیں ایکریڈیشن کارڈز جاری ہو چکے ہیں، کھلاڑیوں کے نام بھی جا چکے ہیں، ہم نے ٹکٹیں وغیرہ بھی لے لی ہیں لیکن انتظار ہے تو صرف پی ایس بی کی جانب سے این او سی کا، اگر فوری این او سی جاری ہوتا ہے تو ہم ایونٹ میں شرکت کریں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر ہماری شرکت نہیں ہو سکی تو انٹرنیشنل رولز کے تحت ہم پر پینلٹی بھی ڈالی جائے گی، جو ہماری ہی نہیں پورے ملک کی بدنامی کا باعث بنے گی۔
واضح رہے کہ ایشین یوتھ گیمز 22 سے 31 اکتوبر تک بحرین میں ہوں گے۔