پشاور( نیوز رپورٹر )پشاور ہائیکورٹ میں ڈینگی اور چکن گونیا کی وباء پھیلنے اور ان بیماریوں کی روک تھام کیلئے مناسب انتظامات نہ ہونے کیخلاف رٹ پٹیشن دائر کردی گئی ہے جس میں ڈینگی اور چکن گونیا کو روکنے کیلئے متعلقہ اداروں کو فوگنگ آپریشن شروع کرنے سمیت ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کے احکامات جاری کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔رٹ پٹیشن محمد حمدان ایڈوکیٹ نے دائر کی ہے جس میں سیکرٹری ہیلتھ خیبرپختونخوا، ڈی جی ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ اور کمشنر پشاور کو بھی فریق بنایاگیا ہے۔ رٹ کے مطابق پشاور سمیت صوبہ بھر میں ڈینگی وچکن گونیا کی وباء پھیل چکی ہے اور اس سے کئی اموات بھی رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ اب بھی کئی افراد ہسپتالوں یاگھروں میں پڑے ہیں تاہم ان رپورٹس اور شکایات کے باوجود ڈینگی کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات نہیں کیے جارہے ہیں نہ ہی مرض کو روکنے کی کوشش کی جارہی ہے۔پشاور کی آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے اور فضلہ وگندگی کو ٹھکانے کیلئے مناسب انتظام نہ ہونے کیوجہ سے مچھروں کی افزائش بھی تیزی سے ہورہی ہے۔ مذکورہ ادارے اور موجودہ ہیلتھ کیئر انفرسٹرکچر بھی بیماریوں کے پھیلاو کو روکنے میں ناکام رہی ہے جبکہ محکمہ صحت، ضلعی انتظامیہ اور صفائی کرنے والوں اداروں کے درمیان کوآرڈینیشن کی بھی کمی ہے۔ محمد حمدان ایڈوکیٹ نے بتایاکہ آئین کے آرٹیکل 9اے کے تحت شہریوں کو صاف وصحت مند ماحول فراہم کرنا ہر شہری کا بنیادی حق ہے جو انہیں میسر نہیں ہے جبکہ پبلک ہیلتھ، صفائی اور ماحولیاتی آلودگی وغیرہ پر قابو پانے کے قوانین پربھی عملدرآمد نہیں ہورہا ہے جو مختلف بیماریوں کے پھیلاؤ کا سبب بن رہے ہیں۔ انہوں نے مزیدموقف اختیار کیا ہے کہ لوگوں میں ان بیماریوں اور اس سے بچاوکی آگاہی پر توجہ نہیں دی جارہی۔اس کے ساتھ ساتھ ان وبائی بیماریوں کی روک تھام اور مانیٹرنگ کا کوئی موثر میکنزم بھی موجودنہیں ہے۔ عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ متعلقہ اداروں کو ڈینگی سے متاثرہ علاقوں میں فوگنگ آپریشن اور سپرے کرانے اورڈینگی وچکن گونیا کے مریضوں کو مفت علاج فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔رٹ پر 28اکتوبر کو سماعت مقرر ہے۔