• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی دور میں تحریک لبیک پر پابندی لگی، پھر اٹھالی گئی

لاہور(آصف محمود بٹ )پی ٹی آئی دور میں تحریک لبیک پر پابندی لگی، پھر اٹھالی گئی،اب پنجاب حکومت نے پابندی کیلئے وفاق کو خط لکھا ہے، سندھ نے بھی اتفاق کیا ہے،سرکاری افسر کے مطابق سفارش کے بغیر بھی وفاقی حکومت کسی جماعت کو کالعدم قرار دے سکتی ہے، ٹی ایل پی کو پہلی مرتبہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں 15اپریل 2021کو کالعدم تنظیم قرار دیکر اس پر پابندی عائد کی گئی اور 7ماہ بعد پی ٹی آئی کی پنجاب حکومت نے صوبائی کابینہ کی منظوری سے 5نومبر 2021ء کو اس پر پابندی ختم کرنے کی سفارش کی۔ ’’جنگ‘‘ کو ملنے والے دستاویزات کے مطابق پابندی ہٹانے کے لئے پنجاب حکومت کی طرف سے وفاق کو لکھے گئے خط میں کہا گیا تھاکہ وزیر اعلی کی منظوری کے بعد صوبائی کابینہ کی قائمہ کمیٹی برائے امن و امان نے 3نومبر 2021ء کو منعقدہ اجلاس فیصلہ کیا گیا ہے کہ وفاقی حکومت اور ٹی ایل پی کے مابین ہونے والے معاہدے کے بعد ٹی ایل پی کی طرف سے پابندی ہٹانے کے لئے موصول ہونے والی درخواست اور انڈرٹیکنگ کا بغور جائزہ لیا گیاہے اور کمیٹی نے اس منظوری دی ہے وسیع تر قومی مفاد میں ٹی ایل پی پر پابندی ختم کردی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ آئندہ ایسے واقعات نہ ہوں ۔ خط میں کہا گیا کہ صوبائی کابینہ کی منظوری ٹی ایل پی طرف سے کرائی جانے والی یقین دہانی اور عزم کے اظہار کے بعد پنجاب حکومت کا خیال ہے کہ یہ تنظیم ملک کے قانون اور آئین کی پاسداری کرے گی۔ پنجاب حکومت وسیع تر قومی مفاد میں ٹی ایل پی پر پابندی ختم کرنے کی سفارش کرتی ہے ، جس تنظیم پر عائد پابندی ختم کر دی گئی۔ اعلی سرکاری افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ’’جنگ‘‘ کو بتایا کہ وفاقی حکومت صوبوں کی رائے اور سفارشات کے بغیر بھی کسی جماعت کو کالعدم قرار دے سکتی ہے۔

اہم خبریں سے مزید