کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما و رکن صوبائی اسمبلی حاجی علی مدد جتک نے سانحہ کارساز کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ واقعہ پاکستان کی سیاسی تاریخ کا ایک سیاہ اور المناک باب ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ 18 اکتوبر 2007 کو جمہوریت کے لیے جان قربان کرنے والے شہداء نے اپنی لازوال قربانیوں سے یہ ثابت کیا کہ عوامی حقوق، جمہوری استحکام اور قومی یکجہتی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی قیادت نہ صرف جمہوریت بلکہ پاکستان کی وحدت، رواداری اور عوامی خدمت کی علامت تھی۔ ان کی جدوجہد نے ملک میں جمہوری اداروں کے استحکام کی بنیاد رکھی۔انہوں نے مزید کہا کہ سانحہ کارساز کے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری عمل کا تسلسل ہی ملکی استحکام اور ترقی کی ضمانت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم شہداء کارساز کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی حقوق، جمہوریت اور ملکی استحکام کی جدوجہد جاری رکھے گی۔