بالی ووڈ کے بے تاج بادشاہ معروف اداکار شاہ رخ خان المعروف کنگ خان کو یوں ہی بالی ووڈ کا بادشاہ نہیں کہا جاتا بلکہ انہوں نے اپنی اداکاری کے ساتھ ساتھ اپنے خیالات و نظریات سے بھی لاکھوں لوگوں کے دل جیتے ہیں۔
حال ہی میں کنگ خان کا ایک پرانا ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر دوبارہ وائرل ہوا ہے، جس میں انہوں نے سنتِ نبویﷺ کی پیروی کرتے ہوئے ’دسترخوان‘ پر کھانا کھانے کی اہمیت کو اجاگر کیا تھا۔
اداکار کہتے ہیں کہ ’ہمیں بچپن سے ’دسترخوان‘ پر بیٹھ کر کھانا کھانا سکھایا گیا ہے، اگر آپ زمین پر ٹانگیں اندر کی طرف موڑ کر بیٹھیں اور کھائیں، تو معدے کا ایک تہائی حصہ دب جاتا ہے۔ اس طرح آپ کبھی پیٹ کو مکمل نہیں بھرتے، لیکن محسوس ہوتا ہے کہ آپ سیر ہوگئے ہیں۔
شاہ رخ خان نے مزید کہا کہ ہم کھانا کھاتے ہوئے پیٹ بھر کر کھانا کھا لیتے ہیں، جبکہ تھوڑی بھوک باقی رہنے دینا صحت کے لیے ہمیشہ فائدہ مند ہوتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگرچہ میں اس کے سائنسی پہلو سے واقف نہیں ہوں لیکن یہ میرا عقیدہ ہے کہ کھانے کا یہی سب سے بہتر طریقہ ہے۔
مذکورہ وائرل ویڈیو نے ایک مرتبہ پھر سوشل میڈیا صارفین کے دل جیت لیے ہیں، صارفین شاہ رخ خان کے روایتی نظم و ضبط اور سادہ طرزِ زندگی کی تعریف کر رہے ہیں۔