کراچی(اسٹاف رپورٹر)اسٹیل مل کا تانبہ چوری میں مبینہ طور پر سندھ پولیس کے اہلکار وں کے ملوث ہونے کا نکشاف ہوا ہے،3 پولیس اہلکاروں سمیت 5 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ،تفصیلات کے مطابق اسٹیل ٹاؤن پولیس نے گلستان فیصل ٹاؤن میں واقع کباڑ کے گودام سے 2 گاڑیوں میں موجود 2سو کلو گرام وزنی تانبہ برآمد کرلیا جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ، تھانہ اسٹیل ٹاؤن میں درج مقدمہ الزام نمبر 825/25 کے مطابق اسٹیل مل کا تانبہ چوری میں تھانہ بن قاسم کا ہیڈ محرر رانا آصف ،پولیس اہلکار ساجد بنگش اور ظفرتگڑ جبکہ دو دیگر پرائیوٹ ملزمان جن میں الطاف مری اور نعیم رند شامل ہیں کو نامزد کیا گیا ہے،ترجمان ملیر پولیس کے مطابق ایس ایس پی ملیر کی اسپیشل ٹیم نےگلستانِ فیصل میں گودام پر چھاپہ مار کراسٹیل مل سے چوری کیا گیا دو سو کلوگرام سے زائد تانبہ، جس کی مالیت لاکھوں روپے ہے برآمد کرلیا۔پولیس نے پاکستان اسٹیل مل کے سیکیورٹی افسر محمد امتیاز عباسی کی مدعیت میں تانبہ کی چوری میں ملوث بن قاسم تھانے کے ہیڈ محرر رانا آصف، دو پولیس اہلکار ساجد بنگش اور ظفر ٹگڑ سمیت دو لوہا چور الطاف مری اور نعیم رند کے خلاف اسٹیل ٹاؤن تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔ تانبہ چوری میں ملوث پولیس اہلکاروں سمیت دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔