کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک “ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے صوبائی صدر جنید اکبر خان نے کہا ہے کہ ہمیں خیبرپختونخوا میں امن کروانا ہے اور عمرا ن خان کو بھی باہر نکلوانا ہے، سنیئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا کہ مریم نواز نے عوام سے جو وعدہ کیا تھا وہ پورا کیا ہے ،فضائی آلودگی میں واضح کمی آئی ،کسان اتحاد کے چیئرمین خالد حسین نے کہا کہ چند علاقوں میں محدود سہولتوں سے اسموگ پر قابو نہیں پایا جا سکتا۔ جنید اکبر نے کہا کہ وہ اداروں کے ساتھ بیٹھنا چاہتے ہیں آگے بڑھنا چاہتے ہیں ادارے اُن کی بات سنیں اگر اُن کی بات نہیں سنی جائے گی تو ان کے بعد جو نوجوان آرہے ہیں وہ کسی کی بات نہیں سنیں گے۔سنیئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اسموگ کے تدارک کے لیے عالمی معیار کے مانیٹر نصب کیے ہیں گیارہ ہزار بھٹوں کو کیو آر کوڈ کیا گیا ہے اور پندرہ اسموگ گنز کے ذریعے فضائی آلودگی میں واضح کمی آئی ہے۔