• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ کی اشتراک عمل کی فضا معمول پر لانے کی کوشش

اسلام آباد (محمد صالح ظافر خصوصی تجزیہ نگار) مسلم لیگ نون کی اشتراک عمل کی فضا معمول پر لانے کی کوشش،قومی اسمبلی اجلاس سے قبل شکایات کے ازالے کے لئے پیپلز پارٹی سے مذاکرات کا ڈول ڈالے گی۔وزیراعظم نے نواز شریف کو گزشتہ ہفتے کی ملاقات کی روداد اور اپنے جذبات سے بھی آگاہ کردیا،نوازشریف سفارشات کا جائزہ لیکر مناسب ہدایات جاری کرینگے، جبکہ مریم نواز نے اظہار رائےسےگریز کیا۔تفصیلات کے مطابق آئندہ ہفتے قومی اسمبلی کا اجلاس شروع ہونے سے قبل مسلم لیگ نون اپنی حلیف پیپلزپارٹی سے مذاکرات کا ڈول ڈالے گی تاکہ دونوں جماعتوں کے درمیان اشتراک عمل کی فضا کو معمول پر لایا جائے ا ور پیپلزپارٹی کی شکایات کا ازالہ کیا جاسکے۔ حد درجہ قابل اعتماد ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے سیاسی امور اور بین الصوبائی رابطے کے لئے مشیر سینیٹر رانا ثناء اللہ خان حکمران جماعت کی طرف سے صلاح مشوروں کے اس عمل کی پیشوائی کرینگے وہ پاکستان مسلم لیگ نو ن پنجاب کے صدر بھی ہیں اس دوران وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان مسلم لیگ نون کے قائد اور صدر سابق وزیراعظم نواز شریف کو لاہور میں اتوار کو پیپلزپارٹی کے وفد سے گزشتہ ہفتے کی ملاقات کی روداد سے آگاہ کردیا ہے اور اس سلسلے میں اپنے جذبات بھی ظاہر کردیئے ہیں۔ پنجاب کی وزیراعلی مریم نواز شریف بھی اس ملاقات میں موجود تھیں جو پاکستان مسلم لیگ نون کے سینئر نائب صدر بھی ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ جماعت کے صدر نوازشریف نے وزیراعظم کی سفارشات سننے کے بعد رائے ظاہر کی ہے کہ وہ اس کا جائزہ لے کر مناسب ہدایات جاری کرینگے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز شریف نے اس موقع پر اپنی رائے کے اظہار سےگریز کیا انہوں نے باور کرایا کہ وہ اور اس کی ٹیم اپنے فرائض کی انجام دہی خدمت کے جذبے سے انجام دیتی رہے گی ان کا مطمع نظر صوبے کے عوام کی مشکلات کا سدباب اور صوبے کی خوشحالی کویقینی بنانا ہے، وہ اپنے مشن میں سیاسی الجھاؤ کو رخنہ نہیں بننے دیں گی۔ بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم نے مریم نواز شریف کی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا اور یقین دلایا کہ وفاقی حکومت دوسری اکائیوں کے ساتھ ساتھ پنجاب کے لئے اپنی فراخدلانہ معاونت کو جاری رکھے گی۔ سینیٹر رانا ثناء اللہ خان ان دنوں سرگرمی سے رابطہ عوام ہیں مصروف ہیں وہ آج (پیر) اسلام آباد واپس آنے سے قبل پنجاب کی وزیراعلی سے لاہور میں ملاقات کریں گے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت متاثرین سیلاب کے لئے اپنے وضع کردہ طریق کار کے تحت امداد اور بحالی کے کام پر اپنی توجہ مرکوز رکھے گی۔ مسلم لیگ نون کے رہنماؤں اور صوبائی وزراء کو پیپلزپارٹی کے بارے میں اختلافی گفتگو سے گریز کی ہدایت پہلے ہی دی جاچکی ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ نون آزاد کشمیر کے حوالے سے پیپلزپارٹی کے ساتھ آئندہ ہفتے تبادلہ خیال کرے گی۔
اہم خبریں سے مزید