• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیرس کے تاریخی میوزیم میں بڑی ڈکیتی، عوام کا داخلہ بند

کراچی/پیرس (نیوز ڈیسک/رضا چوہدری) پیرس کے تاریخی لوروے میوزیم میں بڑی ڈکیتی، عجائب گھر میں عوام کا داخلہ بند کردیا گیا۔ ڈاکو واردات کے بعد بآسانی موٹر سائیکلوں پر فرار ہوگئے۔ فرانسیسی حکومت کا کہنا ہے مسروقہ زیورات بے حد قیمتی تاریخی ورثہ ہیں۔ لورو ےدنیا کا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا میوزیم ہے، جہاں مونا لیزا سمیت ہزاروں شاہکار موجود ہیں۔ برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں واقع دنیا کے مشہورلورو ےمیوزیم میں اتوار کی صبح ڈکیتی کے واقعے کے بعد عجائب گھر کو بند کر دیا گیا۔ فرانسیسی وزیرِ ثقافت راشدہ داتی نے بتایا کہ میوزیم کے کھلنے کے فوراً بعد ایک شخص نے اندر داخل ہو کر واردات کی، تاہم کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں۔ لورو ے  انتظامیہ نے اسے "غیر معمولی وجوہات" کے تحت بند کرنے کا اعلان کیا اور اب تک یہ واضح نہیں کیا کہ کون سی قیمتی چیز چوری ہوئی ہے۔ پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں، چوری شدہ اشیا کی فہرست تیار ہو رہی ہے۔ یہ وہی میوزیم ہے جہاں لیونارڈو ڈاونچی کا مشہور شاہکار ’مونا لیزا‘ رکھا گیا ہے اور ہر سال تقریباً 80 لاکھ سیاح یہاں آتے ہیں۔ میوزیم پہلے ہی اپنی پرانی عمارت، پانی کے رساؤ اور ہجوم کے مسائل کے باعث مرمت کے منصوبے کے تحت ہے۔ رواں سال کے آغاز میں میوزیم نے عمارت کی مرمت اور سکیورٹی میں بہتری کے لیے سرکاری امداد کی درخواست کی تھی۔ حکام کے مطابق چوروں نے ایک ’چیری پِکر‘ نامی کرین اور اینگل گرائنڈر (کٹر مشین) کی مدد سے کھڑکی کاٹ کر شاہی نوادرات چرا لیے۔ یہ واقعہ انتہائی منظم انداز میں انجام دیا گیا اور چوروں نے چند منٹوں میں کارروائی مکمل کرلی۔ حکام کا کہنا ہے کہ چوری شدہ اشیاء کی تاریخی و مالی قدر بہت زیادہ ہے اور اس جرم میں پیشہ ور گروہ کے ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید