لاہور(کر ائم رپو رٹرسے)لاہور سمیت پنجاب بھر میں گرجا گھروں میں ہونے والے مسیحی دعائیہ و عباداتی پروگراموں کے موقع پر پنجاب پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے صوبے کے تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے گرجا گھروں کی سیکیورٹی مزید سخت کرنے کا حکم دیا ہے۔آئی جی پنجاب کے مطابق سپروائزری افسران سیکیورٹی اقدامات کی خود نگرانی کریں اور حساس گرجا گھروں پر اضافی پولیس نفری اور سنائپرز تعینات کیے جائیں گے۔انہوں نے ہدایت کی کہ ڈولفن اسکواڈ، پی آر یو اور ایلیٹ فورسز گرجا گھروں کے گرد موثر گشت کو یقینی بنائیں اور پولیس اہلکار ہمہ وقت الرٹ رہیں اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے۔ڈاکٹر عثمان انور نے حکم دیا ہے کہ گرجا گھروں، مسیحی بستیوں، اور حساس مقامات کے گرد سرچ اینڈ سویپ آپریشنز جاری رکھے جائیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے پیشگی نمٹا جا سکے ۔