پشاور (کرائم رپورٹر) پشاور میں لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے وی آئی پی گیٹ کے سامنے دن دیہاڑے مسلح افراد نے پیشی بھگتنے والے شہری کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔ فائرنگ سے ہسپتال میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا اور وہاں موجود افراد میں بھگدڑ مچ گئی۔ واردات کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ تھانہ خان رازق شہید پولیس کے مطابق واقعہ تقریبا دن کے ساڑھے 11بجے پیش آیا۔ مدعی وسیم ولد فدا محمد ساکن ادیزئی شیرہ کرہ نے پولیس کو بتایا کہ مقتو ل فدا محمد ولد نور احمد اس کا والد تھا، وہ والد کے ہمراہ تاریخ کے سلسلے میں پشاور جوڈیشل کمپلیکس آئے تھے اور پیشی کے بعد واپس جا رہے تھے کہ اس دوران ایل آر ایچ گیٹ پر ملزمان نے ان پر فائرنگ کی جس سے والد چہرے پر گولی لگنے سے موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ انہوں نے قتل کی دعویداری ملزمان کفا یت، جنید اور فراز پر کی اور بتایا کہ ملزمان کے ساتھ اُن کا جائیداد کا تنازع چلا آ رہا ہے۔ واقعہ کی اطلاع پر تھانہ کابلی پولیس کی نفری پہنچ گئی اور نعش کوپوسٹ مارٹم رپورٹ کیلئے منتقل کرکے ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپہ زنی شروع کردی۔