• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور یونیورسٹی باڑہ گلی سمر کیمپس‘ ماحولیات کے حوالے سے قومی کانفرنس اختتام پذیر

پشاور (خصوصی نامہ نگار) پشاور یونیورسٹی کے باڑہ گلی سمر کیمپس میں ’’لچکدار مستقبل کے قیام کیلئے ماحولیاتی موافقت، تاریخی تغیر اور عالمی تعاون‘‘ کے عنوان سے قومی کانفرنس اختتام پذیر ہو گئی۔ کانفرنس ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز خیبر پختونخوا کے تعاون سے منعقد کی گئی جس میں ملک بھر سے ماہرین، محققین، طلباء و طالبات اور نوجوانوں نے شرکت کی۔ کانفرنس کا مقصد ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے، پائیدار ترقی اور عالمی تعاون کے حوالے سے تجاویزو حکمت عملی پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔ یونیورسٹی آف پشاور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جوہر علی مہمان خصوصی تھے جبکہ مقررین میں ڈاکٹر الطاف قادر چیئرمین شعبہ تاریخ، ڈاکٹر نور ثناء الدین ڈائریکٹر چائنا اسٹڈی سنٹر، ضیاء الرحمان ضیاء شعبہ بین الاقوامی تعلقات، خالد محمود سی ای او دی نیٹیوز، ڈاکٹر حسن الامین ڈائریکٹر نپس قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد، ڈاکٹر آصف داوڑ، ڈاکٹر حشمت اللہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اور ڈاکٹر ملیحہ زیبا خان نمل شامل تھے۔ کانفرنس میں ضم شدہ اضلاع اور ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے 150 سے زائد نوجوانوں نے شرکت کی جبکہ 26 تحقیقی مقالے بھی پیش کئے گئے۔ کانفرنس میں پالیسی مکالموں کے فروغ، آبادی کے دباؤ میں کمی، نصاب میں ماحولیاتی تعلیم کے اضافے اور مدارس وکمیونٹی مراکز کے ذریعے آگاہی مہمات شروع کرنے پر زور دیا گیا۔ شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان کو درپیش ماحولیاتی نقصانات کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جانا چاہئے تاکہ بین الاقوامی تعاون اور امداد حاصل کی جا سکے۔ مقررین اور شرکاء نے ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز خیبر پختونخوا کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس ادارے کی بدولت نوجوان محققین کو قومی و عالمی سطح پر ماحولیاتی موافقت کے حوالے سے اپنے کردار کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے کا موقع ملا۔
پشاور سے مزید