پشاور(جنگ نیوز)رائٹ ٹو پبلک سروسز (آر ٹی ایس) کمیشن خیبر پختونخوا میں ایک روزہ مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس کا مقصد شہریوں کو ان کے حقوق سے متعلق آگاہی ، کمیشن کی جاری سرگرمیوں کے مؤثر ہونے بارے پیش رفت اور دیگر محکموں و سروس فراہم کنندگان کے ساتھ ڈیجیٹل انضمام کا جائزہ لینا تھا۔ اجلاس چیف کمشنر محمد علی شہزادہ کی صدارت میں منعقد ہوا، جبکہ کمشنر ذاکر حسین آفریدی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اجلاس میں ضلعی مانیٹرنگ افسران، ہیڈکوارٹر عملہ، آر ٹی ایس ایمبیسیڈرز، میڈیا نمائندگان اور دیگر اہم اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی اور اس عزم کو دہرایا کہ وہ صوبہ بھر میں عوامی خدمات کی بہتری کے لیے پرعزم ہیں۔کمشنر ذاکر حسین آفریدی نے فیلڈسٹاف ، ایمبیسیڈرز اور عوام سے موصول ہونے والی آراء پر مبنی اصلاحات کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے کہاکہ ہماری پالیسیوں کی بہتری فیلڈ سے ملنے والی تجاویز پر مبنی ہونی چاہیے تاکہ ہم شہریوں کی حقیقی ضروریات کے مطابق ایک مؤثر اور عوام دوست نظام تشکیل دے سکیں۔ مشاورتی اجلاس کمیشن کی ان کوششوں کا حصہ ہے جو خیبر پختونخوا میں اچھی حکمرانی کو فروغ دینے، شہریوں کے حقوق کو ادارہ جاتی حیثیت دینے، اور سرکاری خدمات کو زیادہ قابلِ رسائی و جوابدہ بنانے کے لیے کی جا رہی ہیں۔