پشاور ( آن لائن ) خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی، محکمہ آثارقدیمہ و عجائب گھرخیبرپختونخوااور شعبہ سیاحت و ہوٹل مینجمنٹ جامعہ پشاورکے باہمی اشتراک سے یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثہ تخت بھائی کے آثارقدیمہ کی سیر و تفریح کیلئے طلباء و طالبات پر مشتمل نوجوانوں کیلئے دورے کا انعقاد کیاگیا۔ محکمہ آثارقدیمہ وعجائب گھر خیبرپختونخوا نے حال ہی میں ورلڈ بینک کے تعاون سے تخت بھائی آثارقدیمہ میں مختلف لائٹس لگا کر شب سیاحت کا آغاز کیا ہے ۔ اس موقع پر خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی کے ڈائریکٹر ٹورازم محمد علی سید، پرو وائس چانسلر جامعہ پشاور پروفیسر ڈاکٹر نعیم قاضی، چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف آرکیالوجی و ٹورازم جامعہ پشاورپروفیسر ڈاکٹر ذکی اللہ جان،اسسٹنٹ پروفیسر ڈیپارٹمنٹ آف ٹورازم جامعہ پشاور ڈاکٹر اسفندیار مروت، محکمہ آثارقدیمہ و عجائب گھر کے عہدیداران اور دیگرا ہم شخصیات موجود تھیں۔ اس موقع پر کیوریٹر تخت بھائی آثارقدیمہ نے آثارقدیمہ کا نہ صرف تفصیلی دورہ کرایا بلکہ اس کی تاریخی اہمیت سے بھی اجاگر کیا ۔ تخت بھائی پہنچنے پر طلبہ کیلئے سیاحت سے متعلق سیمینار اور بریسٹ کینسر کی آگاہی سے متعلق واک کا اہتمام بھی کیا گیا۔ دورے کے دوران طلبہ کیلئے تخت بھائی کے روایتی چپلی کباب اور محفل موسیقی سے لطف اندوز ہونے کا موقع بھی ملا۔ طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ عالمی ثقافتی ورثہ تخت بھائی کے آثار قدیمہ کو عالمی شہرت حاصل ہے اور ہرسال لاکھوں کی تعداد میں ملکی و غیر ملکی سیاحت، بدھ مت کے ماننے والے یہاں کا رخ کرتے ہیں۔