پشاور (جنگ نیوز) پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار نوزائیدہ بچوں کی دیکھ بھال اور علاج معالجے سے متلعق ممتاز ماہر اطفال ڈاکٹر صائمہ علی نے ایک نئی کتاب ( گائیڈ لائنز ) تحریر کی ہے، جسے گزشتہ روز پی جی ایم آئی، حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں منعقدہ ایک بڑی تقریب میں باقاعدہ طور پر لانچ کردیا گیا۔ تقریب میں صوبہ بھر سے سینئر گائنا کالوجسٹس، نیونیٹالوجسٹس اور دیگر ماہر ڈاکٹروں نے شرکت کرکے ڈاکٹر صائمہ علی کومبارک باد پیش کی اور کہا کہ اس سے ملک بھر میں ماہرین اطفال، خاص کر نیونیٹالوجسٹس اور گائناکالوجسٹس کو خدمات سرانجام دینے میں آسانی ہوگی۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ماہرین نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان میں نوزائیدہ بچوں کی شرح اموات بہت زیادہ ہے جبکہ کئی ترقی پذیر ممالک کی صورتحال ہم سے بہت بہتر ہے، ایسے میں اس طرح کی اقدامات کی اشد ضرورت ہے تاکہ نوزائیدہ بچوں کی بے تحاشا اموات کوروکا جاسکے۔ ڈاکٹر صائمہ علی نے حوصلہ افزائی کرنے پر شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اپنے ساتھیوں کی مشکور ہوں جنہوں نے یہ اہم گائیڈ لائنز ترتیب دینے میں مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ نوزائیدہ بچوں کی نگہداشت اور شرح اموات کنٹرول کرنے کے اس عظیم مشن پر ہمیشہ کام کریں گی۔ تقریب کے آخر میں ایک ورکشاپ کا اہتمام بھی کیا گیا، جس میں جدید سائنسی خطوط کے مطابق کام کرنے سے متعلق گائیڈ لائنز ترتیب دی گئیں۔