• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کالجوں کا بگڑتا انفرا اسٹرکچر، سیکرٹری کالج ایجوکیشن کی ہنگامی اقدامات کی ہدایت

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کالجوں کا بگڑتا انفرا اسٹرکچر ،سیکرٹری کالج ایجوکیشن نےہنگامی اقدامات کی ہدایت کردی ،کراچی کالجز کے مسائل پر اعلیٰ سطح اجلاس،ندیم الرحمان میمن کا کالجوں کی حالت بہتر بنانے کا عزم،سیکریٹری کالج ایجوکیشن ندیم الرحمان میمن کی زیر صدارت ریجنل ڈائریکٹرز کراچی اور کراچی ریجن کے پرنسپلز کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کالجوں کے انفراسٹرکچر، بنیادی سہولیات کی کمی، بجٹ، لیبارٹریوں کی عدم دستیابی، داخلے کے عمل، چار سالہ بی ایس پروگرام، طلبہ کے اندراج و حاضری کے نظام، کھیلوں اور نصابی سرگرمیوں سمیت مختلف امور پر غور کیا گیا۔اس موقع پر ڈائریکٹرز نے کالجوں کو درپیش اہم مسائل اور اُن کے حل کی نشاندہی کی جن میں عمارتوں کی خستہ حالی، بجٹ کی کمی، تدریسی عملے کی قلت، لیبارٹریوں اور دیگر سہولیات کی عدم فراہمی جیسے چیلنجز شامل ہیں۔ سیکریٹری کالج ایجوکیشن ندیم الرحمن میمن نے کہا کہ کالجوں کے انفراسٹرکچر کی حالت کو بہتر بنانا اور تعلیمی اداروں کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنا محکمہ کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ نشاندہی کردہ مسائل کے حل کے لیے فوری سفارشات تیار کی جائیں تاکہ طلبہ کو معیاری تعلیم اور بہتر تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔اس موقع پر کراچی ریجن کے 61 کالجوں کے پرنسپلز نے بھی زوم کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس میں ڈی جی کالجز ڈاکٹر نوید رب، ڈائریکٹر کالجز کراچی ریجن قاضی اشرف حسین، اسپیشل سیکریٹری کالج ایجوکیشن فرخ شہزاد، ایڈیشنل سیکریٹری کالج ایجوکیشن مختیار ملاح، ایڈیشنل سیکریٹری کالج ایجوکیشن اقبال جمانی، ڈائریکٹر (ڈیولپمنٹ) کالج ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ علی عباس ٹیپو، ایڈیشنل ڈائریکٹر (جوڈیشل) احسان لغاری، ایڈیشنل ڈائریکٹر (فنانس) حافیظ اللہ مہر، اور ایڈیشنل ڈائریکٹر (ایچ آر) آر ڈی آفس کراچی کامران احمد نے شرکت کی۔

ملک بھر سے سے مزید