کراچی (اسٹاف رپورٹر) سینیٹ میں قائد حزب اختلاف و مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل، سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس نےکہا ہے کہ ملک میں جاری ظلم جبر، بربریت کیخلاف ملک گیر احتجاجی تحریک چلائینگے اور ان چور حکمرانوں کو بھگائینگے، عمران خان واحد لیڈر ہیں جو آزاد اور غیرتمند ہیں، باقی تمام حکمران غلامی کی زنجیروں میں جکڑے ہوئے قید میں ہیں، آج کے بیشتر سیاستدان بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور انکی نااہلی چہروں سے عیاں ہے۔ یہ بات انھوں نے پیر کو وفد کے ہمراہ عادل ہاؤس میں پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ سے ملاقات کرکے ان کے بھائی کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈ یا سے گفتگو میں کہی اس موقع پر مجلس وحدت المسلمین کے رہنما علامہ باقر عباس زیدی، علامہ مختار امامی، علامہ حیات عباس، علامہ مبشر حسن، نیئر حسین اور دیگر رہنما بھی انکے ہمراہ تھے۔پی ٹی آئی وفد میں صوبائی صدر حلیم عادل شیخ، ارسلان خالد، میاں محمد اسلم، جعفرالحسن، فرخ خان، احسن پنہور، بیرسٹر شیر علی سیال، بیریسٹر احسن عادل شیخ، مولانا جمیل اظہر وتھرا، سید عمر شاہ، محمد علی بلوچ، انور مہدی، ولایت چنگیزی اور دیگر رہنما شامل تھے۔