کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل سردار عبدالرحیم نے کہا ہے کہ 17سال سے سندھ پر قابض موجودہ کرپٹ حکمرانوں نے سندھ کے دیگر اضلاع کی طرح کراچی شہر کو بھی تباہ و برباد کردیا ہے روشنیوں کا شہر کھنڈر بن چکا ہے ۔کراچی کا روشن مستقبل پیر صاحب پاگارا کی وژن ، فلسفہ اور پارٹی کے ساتھ جُڑا ہواہے ۔ پیر صاحب پاگارا کا پیغام عوام میں پہنچانے کے لیے کارکنان کو گلی گلی اور گھر گھر جانا ہوگا ۔کراچی میں جلد ضلع سطح ورکر کنونشن منعقد ہونگے۔ ہمیں محنت کرنے کی ضرورت ہے ۔ اپنے بہتر عمل سے ہی عوام کو اپنے طرف راغب کرسکتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فنکشنل لیگ ہائوس کراچی میں ہونے والے اجلاس کی صدارت کرتے ہوۓ کیا ۔ اجلاس میں ارمان فیاض . غلام قادر لغاری ، نعیم سجاد ۔ جمشید خان ۔ افضال صدیقی، بشیر لاڑک ۔ عبدالقادر شر ۔ میر مرتضیٰ شر ۔ ریاض بنگش ، اسامہ جعفری سمیت منظور جانوری اور کراچی کے تمام اضلاع کے صدور اور سیکریٹریز نے شرکت کی اجلاس میں کراچی شہر کی تنظیم سازی سمیت مختلف معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔