• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنگ ہو یا امن ہمیشہ فیلڈ مارشل کے ساتھ کھڑے ہیں، ایکس سروس مین سوسائٹی

راولپنڈی (خبر نگار) پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے چیف آرگنائزر عزیز احمد عوان نے کہا ہے کہ جنگ ہو یا امن، پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی ہمیشہ فیلڈ مارشل کے ساتھ کھڑی ہے،پاکستان میں دہشت گردی کیلئے افغانستان کی سرزمین استعمال ہو رہی ہے، بدقسمتی سے چند عناصر ہندوستان سے پیسے لے کر پاکستان پر حملہ کرنا چاہتے ہیں یا پاکستان کو کمزور کرنا چاہتے ہیں، میں انہیں باور کرانا چاہتا ہوں کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ہوتے ہوئے ملک کو کوئی میلی آنکھ سے بھی نہیں دیکھ سکتا۔ گزشتہ روز پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے اتنا عرصہ افغان مہاجرین کو پناہ دی، ان کی خدمت کی اور ان کو کاروبار دیا۔ اب وہ اپنے ملک جا رہے ہیں یا ہم ان کو بھیج رہے ہیں تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ ہمارے ملک میں دہشت گردی کروائیں۔ پاکستان نے ہمیشہ ہمسائیوں کے ساتھ اچھے تعلقات بنانے کی خواہش کا اظہار کیا اور کوشش کی کہ اپنے ہمسایہ ملکوں کے ساتھ اچھے تعلقات رہیں لیکن ہمارے ہمسائیوں نے ہمیشہ اس کو ہماری کمزوری سمجھا ،دنیا میں ایک تاثر دیا کہ شائد پاکستان اپنی کمزوری سے تعلقات بنانا چاہتا ہے۔ عزیز احمد اعوان نے کہا کہ پاکستان امن کا گہوارہ ہے ،ہم چاہتے ہیں کہ خطے میں امن رہے لیکن جب ہندوستان نے جرات کی تو پاکستان نے بتایا کہ ہم کتنے مضبوط ہیں اور دشمن کو کتنی دیر میں جواب دے سکتے ہیں۔ حالیہ دنوں پاکستان نے حملہ کرنے پر افغانستان کو بہادری اور دلیری سے جواب دیا۔ میں ان کو یہ بات بتانا چاہتا ہوں کہ ہندوستان جو اپنے آپ کو دنیا کا مضبوط ملک بھی کہتا ہے اور وہ اب سمجھتا ہے کہ اس کی ایئر فورس بھی بڑی مضبوط ہے لیکن ہماری ایئر فورس نے چند گھنٹوں میں اس کی ایئر فورس کو زمین کے اندر گاڑ دیا اور جس ملک کی ائیر فورس ہی نہیں ہے وہ کسی غلط فہمی کا شکار نہ ہو۔ انڈیا کو خبردار کرتا ہوں دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگ کی کوئی گنجائش نہیں۔ بھارت کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ہر قسم کی دہشت گردی کو خاک میں ملا دیں گے، اپنی زمین کا ایک انچ بھی کسی کو لینے نہیں دیں گے۔
ملک بھر سے سے مزید