کراچی ( اسٹاف رپورٹر) ترسیلات زر کی آمد میں نمایاں اضافے کی وجہ سے پاکستان کا ستمبر میں کرنٹ اکائونٹ 11کروڑ ڈالر سرپلس ہوگیا، اسٹیٹ بینک کی جانب سے پیر کو جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کے کرنٹ اکاؤنٹ نے ستمبر میں 11کروڑ ڈالر کا نمایاں سرپلس (اضافہ) ظاہر کیا جو گزشتہ مالی سال کے اسی ماہ میں ریکارڈ کیے گئے5 کروڑ 20 لاکھ ڈالر خسارے کی نسبت واضح بہتری ہے۔یہ سرپلس ستمبر میں ترسیلات زر کی نمایاں آمد کی وجہ سے حاصل ہوا جو کہ 3.18ارب ڈالر رہیں اور یہ سالانہ بنیادوں پر 11 فیصد اضافے کی عکاسی کرتی ہیں۔ستمبر 2025 کے دوران ملک کی کل برآمدات 3.43 ارب ڈالر رہیں جو کہ گزشتہ سال کے اسی ماہ کی نسبت 3.28 ارب ڈالر کے مقابلے میں تقریباً 5 فیصد زیادہ ہے۔