بیجنگ (اے پی پی)چین نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کا خیرمقدم کرتےہوئے کہا ہےکہ بیجنگ پاک افغان تعلقات میں بہتری کیلئے کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔شنہوا نیوز کے مطابق چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکون نے پیر کو پریس بریفنگ کے دوران جنگ بندی معاہدے پر اپنے تبصرے میں کہا کہ پاکستان اور افغانستان دونوں چین کے روایتی دوست ہمسایہ اور ایک دوسرے کے پڑوسی ہیں جنہیں دور نہیں کیا جا سکتا ہے ۔چین پاکستان اور افغانستان کے درمیان اپنے اختلافات کو دور کرنے، ایک جامع اور دیرپا جنگ بندی کے حصول اور دونوں ممالک اور خطے کے امن و استحکام کے مشترکہ تحفظ کیلئے مسلسل بات چیت اور مشاورت کی مخلصانہ امید کرتا ہے اور اسکی حمایت کرتا ہے۔