لاہور (این این آئی) ایران کے قونصل جنرل مہران مواحد فر نے لاہور چیمبر میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران اس وقت آپسی تعلقات کو فروغ دینے کی بہترین پوزیشن میں ہیں ، دونوں ممالک کو ان حالات کا بھرپور فائدہ اٹھانا چاہئے ، باہمی تجارت کا حجم دس ارب ڈالر تک لے جانا چاہتے ہیں ،لاہور چیمبر سے ایرانی قونصلیٹ کے اچھے تعلقات ہیں اورامید ہے کہ فہیم الرحمن سہگل کے دورے صدارت میں ہمارے تعلقات میں وسعت آئے گی ۔ صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا جبکہ سینئر نائب صدر تنویر احمد شیخ، نائب صدر خرم لودھی ، اور ایگزیکٹیو کمیٹی ممبران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ایرانی قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات اس وقت بہترین ہیں ، گزشتہ دو سال کے دوران ایران کے دو صدور نے پاکستان کا دورہ کیا، اور دو وزرائے خارجہ نے بھی متعدد بار پاکستان کا دورہ کیا ۔ ہم نے بارہ روزہ صیہونی حملے میں بھی پاکستانی عوام کاایران کے ساتھ پیار دیکھا ۔ پاکستان اور ایران اپنی سالمیت او ر خودمختاری کی حفاظت کا مشترکہ عقیدہ رکھتے ہیں اور اسی طرح بھارت کے ساتھ چار روزہ جنگ میں بھی پاکستانی عوام نے دلیری دکھائی۔جس ملک کے پاس حضرت علامہ اقبال ہوں وہ کبھی شکست نہیں کھا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے دورہ کے موقع پر دونوں ممالک کے مابین بارہ ایم او یاز پر دستخط ہوئے جن میں سے گیارہ ٹریڈ اور کامرس کے حوالے سے تھے۔