کراچی (نیوز ڈیسک) دنیا بھر میں انٹرنیٹ سروسز میں بڑی خرابی کے باعث ایمازون، اسنیپ چیٹ اور کئی ایئرلائنز کی ویب سائٹس متاثر ہوئیں۔
اس خلل کے باعث صارفین کو خریداری، سوشل میڈیا استعمال کرنے اور ایئرلائن بُکنگ تک رسائی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ٹیکنالوجی رپورٹس کے مطابق یہ مسئلہ ایمازون ویب سروسز (AWS)میں آنے والی تکنیکی خرابی کی وجہ سے پیدا ہوا، جس پر دنیا بھر کی ہزاروں کمپنیاں انحصار کرتی ہیں۔
ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوا ہے کہ یہ خرابی عالمی سطح پر مختلف علاقوں میں بیک وقت ہوئی، جس نے امریکا، یورپ، اور ایشیا کے صارفین کو متاثر کیا۔
ٹیک ماہرین کا کہنا ہے کہ نظام کی مکمل بحالی میں کئی گھنٹے لگ سکتے ہیں، تاہم کمپنیوں نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ڈیٹا محفوظ ہے اور مرمت کا کام جاری ہے۔