• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانوں کے خالی کئے گئے مقامات حکومت تحویل میں لے گی، شرجیل میمن

کراچی (اسٹاف پورٹر)سندھ کے سینئر وزیر وصوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے واضح کیا ہے کہ پاکستان میں موجود غیر قانونی افغان شہریوں کو واپس بھیجا جا رہا ہے، ان کے خالی کئے گئے مقامات سرکار کی ملکیت ہیں، جنہیں حکومت اپنی تحویل میں لے گی۔صوبائی وزیر نے حکومت سندھ کی جانب سے مزید اضلاع میں پیپلز بس سروس شروع کرنے اور ای وی بسوں کے نئے روٹس متعارف کرانے کا اعلان بھی کیا۔سینئروزیر نے کہا کہ گرین لائن بس سروس وفاقی حکومت کا منصوبہ تھا، جب یہ سروس سندھ حکومت کے کنٹرول میں آئی تو اس کی یومیہ سواریاں 55 ہزار سے بڑھ کر 83 ہزار ہوگئیں، اس طرح روزانہ 30 ہزار مزید افراد گرین لائن، بی آر ٹی سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔وہ پیر کو یہاں سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے آپریشنز کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ کررہے تھے۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے سینٹر کے مختلف حصوں کا جائزہ لیا، جہاں حکام نے انہیں آپریشنز سے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں کہا کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر جدید ترین سہولتوں سے آراستہ ہے، یہاں سے پیپلز بس سروس، گرین لائن، اورنج لائن اور پاکستان کی پہلی ای وی بس سروس کی نگرانی کی جاتی ہے، ان منصوبوں کا مقصد عوام کو محفوظ، آرام دہ اور سستا سفر فراہم کرنا ہے، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، میرپورخاص اور شہید بینظیر آباد میں بھی پیپلز بس سروس کام یابی سے چل رہی ہے، ہمارا ارادہ ہے کہ رواں سال مزید3سے 4اضلاع میں بس سروس شروع کی جائے، اس کے علاوہ ای وی بسوں کے نئے روٹس بھی متعارف کرائے جائیں گے، کراچی میں ڈبل ڈیکر بس سروس بھی اسی سال شروع کی جارہی ہے،ہماری ترجیح یہ ہے کہ صوبے کے ہر شہر اور علاقے میں معیاری سفری سہولتیں فراہم کی جائیں، ہر مسافر کے لئے زر تلافی دے رہے ہیں، کراچی، حیدرآباد اور دیگر شہروں کے لئے مزید 500 ای وی بسیں شروع کرنے جارہے ہیں، پاکستان کی پہلی خواتین کے لئے مخصوص پنک بس سروس سندھ حکومت نے شروع کی، اب جن شہروں میں پیپلز بس سروس چل رہی ہے وہاں بھی خواتین کے لئے پنک بس سروس متعارف کرائی جائے گی، ملازمت پیشہ خواتین اور طالبات کو مفت ای وی اسکوٹیز دی جارہی ہیں۔
اہم خبریں سے مزید