پاکستان شوبز انڈسٹری کی مشہور اداکارہ مریم نفیس نے شوہر کے ساتھ لڑائی کے دوران اپنایا گیا دلچسپ اصول بتا دیا۔
معروف اداکارہ، میزبان اور ڈیجیٹل انفلوئنسر مریم نفیس نے انکشاف کیا کہ وہ اور ان کے شوہر امان احمد لڑائی یا اختلاف کی صورت میں ایک خاص اصول پر عمل کرتے ہیں، جس کی وجہ سے ان کا رشتہ مزید مضبوط رہتا ہے۔
مریم نفیس نے 2014 کے مشہور ڈرامہ دیارِ دل سے شہرت حاصل کی، بعد ازاں یقین کا سفر، فتور، محبت چھوڑ دی میں نے، کم ظرف، منکر، نیم جیسے مقبول ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے، اداکارہ کے انسٹاگرام پر ایک ملین سے زائد فالوورز ہیں، وہ شوہر امان احمد کے ساتھ خوشگوار ازدواجی زندگی گزار رہی ہیں اور 6 ماہ کے بیٹے عیسیٰ کی والدہ ہیں۔
اداکارہ نے مارننگ شو میں شوہر کے ساتھ جھگڑے کے وقت اپنائے گئے پیس رول کے بارے میں بات کی۔
مریم نے بتایا کہ ہمارے درمیان ایک اصول ہے، یا یوں کہہ لیں ایک روایت، جب میرے اور امان کے درمیان کوئی بحث یا جھگڑا ہوتا ہے تو ہم میں سے ایک شخص کمرے سے باہر چلا جاتا ہے، ہم ایک دوسرے سے تھوڑا وقفہ لیتے ہیں اور اگلے دن ناشتے کے وقت بات کرکے معاملہ حل کر لیتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ لوگ اکثر کہتے ہیں کہ مسئلہ فوراً حل کرنا چاہیے، لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ وقفہ لینے سے چیزیں زیادہ بہتر طریقے سے سلجھ جاتی ہیں، اس دوران ہم دونوں اپنی کمزوریوں پر بھی غور کر سکتے ہیں۔
مریم نفیس کے اس عملی اور متوازن رویے کو مداحوں نے سوشل میڈیا پر سراہا، اور بہت سے لوگوں نے اسے ازدواجی زندگی میں بردباری اور سمجھداری کی بہترین مثال قرار دیا۔