کینیڈا میں سرگرم مافیا، روہت گودارا کے نام سے معروف گینگ نے معروف پنجابی گلوکار تیجی کاہلوں کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا ہے، گینگ نے گلوکار کے قتل کی باقاعدہ طور پر ذمہ داری بھی قبول کی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق روہت گودارا گینگ کے تین ارکان وکی پہلوان، مہندر سَرَن اور راہول رِناؤ نے سوشل میڈیا پر اعتراف کیا ہے کہ اُنہوں نے کینیڈا میں تیجی کاہلوں کو گولیاں مار کر قتل کیا ہے۔
روہت گینگ کے اِن ارکان نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ ’اگر اس نے سمجھ لیا ہے تو ٹھیک، ورنہ اگلی بار ہم اس کو بھی ختم کر دیں گے۔‘
اس کے ساتھ ساتھ روہت گودارا گینگ کے ارکان نے مخالف گینگسٹرز کی مدد کرنے والے افراد، تاجروں اور بلڈرز کو بھی خبردار کیا ہے کہ اِنہیں اور اِن کے خاندان کو کوئی رعایت نہیں ملے گی۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ روہت گینگ نے قتل کیے گئے گلوکار، تیجی کاہلوں پر الزام عائد کیا کہ وہ اِن کے مخالف گینگ کو مالی امداد، اسلحہ فراہم کرنے سمیت اِن کے لیے مخبری بھی کرتا تھا۔