پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ غزالہ جاوید کا کہنا ہے کہ آج کل لڑکیاں عیاشی اور آزادی کی خاطر شادی نہیں کرنا چاہتی۔
حال ہی میں ماضی کی مقبول اداکارہ نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
دورانِ پروگرام ان سے سوال پوچھا گیا کہ آج کل لڑکیاں شادی کیوں نہیں کرنا چاہتی؟
میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کل لڑکیوں کی شادی نہ کرنے یا تاخیر سے کرنے کی بڑی وجہ یہ ہے کہ لڑکیاں عیاشی اور آزادی چاہتی ہیں، جس کی وجہ سے وہ شادی سے بھاگتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کم عمر میں ہونے والی شادیاں کامیاب ہوتی ہیں، اگر آپ کچھ عرصے پیچھے چلے جائیں تو آپ دیکھ سکتے ہیں کہ وہ شادیاں زیادہ کامیاب رہیں جس میں لڑکیوں کی جلدی شادی ہوئی، اور بڑی عمر میں ہونے والی شادیاں اتنی کامیاب نہیں رہیں۔
انہوں نے میرج بیورو والوں کو لڑکے والوں کی جانب سے موصول ہونے والی ڈیمانڈ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میرا بھانجا ڈاکٹر ہے، اس نے اپنے لیے لڑکی ڈھونڈتے ہوئے میرج بیورو والوں کو کہا کہ مجھے کسی ڈاکٹر یا انجینئر سے شادی نہیں کرنی بلکہ لڑکی گریجویٹ ہو تاکہ بچوں کو پڑھا لکھا سکے، ان کی تربیت کرسکے۔
سوشل میڈیا پر اداکارہ کے انٹرویو کا مذکورہ ویڈیو کلپ وائرل ہوگیا، جس پر صارفین کڑی تنقید کر رہے ہیں اور کمنٹس میں تبصرہ کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ کیا ڈاکٹر اور انجینئر بچوں کی اچھی تربیت نہیں کرسکتی؟
ایک اور صارف نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اب انجینئر لڑکیوں کا کیا ہوگا آپ کے بھانجے تو ان سے شادی کرنے سے ہی منع کردیا۔