پاکستان کی نامور اداکارہ صبا قمر نے اپنے بےمثال فنِ اداکاری سے ساتھی اداکار عدیل افضل کو بھی متاثر کر دیا۔
صبا قمر اس وقت ڈرامہ کیس نمبر 9 اور پامال میں اپنی شاندار کارکردگی کے باعث تعریفیں سمیٹ رہی ہیں، وہ ہمیشہ سے اپنے منفرد کرداروں کے انتخاب اور انہیں حقیقت کے قریب ادا کرنے کی وجہ سے جانی جاتی ہیں۔
اداکار عدیل افضل نے صبا قمر کے ساتھ فلم ’کملی‘ میں کام کیا تھا، انہوں نے حال ہی میں ایک شو میں گفتگو کرتے ہوئے صبا قمر کی اداکاری سے متعلق ایک دلچسپ واقعہ سنایا۔
انہوں نے بتایا کہ صبا قمر ایک ایسی اداکارہ ہیں جو اپنے ساتھی فنکاروں کو سین میں مکالمے یاد کروانے یا اشارے دینے کے لیے بھی سیٹ پر موجود رہتی ہیں، چاہے وہ خود اس شاٹ میں شامل نہ ہوں۔
عدیل افضل نے کہا کہ صبا شوٹنگ سے ایک منٹ پہلے ہنستی بولتی تھیں، لیکن جیسے ہی کیمرہ رول ہوتا، وہ چند قدم پیچھے جاتیں اور واپس آتیں تو ان کی آنکھوں میں آنسو ہوتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ منظر دیکھ کر میں حیران رہ گیا، کیونکہ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ صبا قمر اپنی اداکاری میں جذبے اور مہارت کا بےمثال امتزاج رکھتی ہیں۔
واضح رہے کہ فلم کملی ناصرف باکس آفس پر کامیاب ثابت ہوئی بلکہ ناقدین نے بھی صبا قمر کی اداکاری کو ’دل چھو لینے والی اداکاری‘ قرار دیا تھا۔