کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو پروگرام ’’نیا پاکستان ‘‘ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر وزیراعظم برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کے لیے کافی مواد موجود تھا، ٹی ایل پی پابندی کے تیس روز کے اندر عدالت سے رجوع کرسکتی ہے ،وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نئی شروعات کے لیے نہیں کسی کے عشق میں خودکشی کرنے کے لیے آئے ہیں، پروگرام میں سابق کپتان راشد لطیف نے بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی کی طرف سے دو سال میں کوئی ایک فیصلہ بھی اچھا نہیں کیا گیا۔ رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی پہلے قانون سے ہٹ کر چل رہے تھے اب قانونی طریقہ اپنایا ہے تو امید ہے ان کی پیر کو عمران خان سے ملاقات ہوجائے۔ سپریم کورٹ کے لارجر بینچ کا فیصلہ ہے کہ کسی سیاسی جماعت کو کسی الیکشن میں حصہ لینے سے نہیں روک سکتے اس ایکٹ میں کہیں نہیں لکھا کہ الیکشن غیر جماعتی بنیاد پر ہوگا یا کسی پارٹی کو حصہ لینے سے روکا جائے گا۔