کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ میں نیپرا کے ایس آر او کے خلاف درخواست کی سماعت،عدالت نے نیپرا کی جانب سے کے الیکٹرک کو پرانے واجبات کی وصولی کی اجازت دینے کے خلاف ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی عامر صدیقی کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 11نومبر تک جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے درخواست گزار کو کے الیکٹرک کو بطور فریق شامل کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ کے الیکٹرک کو گزشتہ واجبات کو بل ادا کرنے والے صارفین سے وصولی کی اجازت دی ہے۔ کے الیکٹرک کی نااہلی اور بدانتظامی کے باعث ہونے والے نقصان کو صارفین پر ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔