کراچی (افضل ندیم ڈوگر )کراچی کے افغان مہاجر کیمپ میں 2ہزار مکانات منہدم کردیئے گئے ہیں جبکہ ایک ہزار گھروں کا انہدام باقی ہے اور اب تک لگ بھگ 200افغانی باشندے باقی رہ گئے، جنہیں آئندہ چند دنوں میں افغانستان واپس بھیج دیا جائے گا۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ویسٹ زون عرفان علی بلوچ نے اس نمائندے کو بتایا کہ حالیہ آپریشن کلین اپ کے دوران افغان مہاجر کیمپ کے تقریبا 2000 مکانات کو منہدم کرکے گراؤنڈ کی شکل دے دی گئی ہے جبکہ ایک ہزار مکانات ابھی باقی ہیں جن کا انہدام تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان میں سے کچھ مکانات میں لگ بھگ 200 افغان باشندے رہائش پذیر ہیں جنہیں جلد واپس بھیج دیا جائے گا۔ نمائندہ سے ملاقات میں عرفان علی بلوچ نے بتایا کہ افغان مہاجر کیمپ 1980 میں بسانا شروع کیا گیا تھا جو پھیلتے پھیلتے 224 ایکڑ تک محیط ہو گیا تھا۔