کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) سندھ کے سیکریٹری جنرل اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے سیکریٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے صوبے کے کسانوں اور آبادگاروں کے ساتھ ظلم اور ناانصافی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ کاشتکار ،ہاری اور کسان سندھ بھر میں حکمرانوں کے ظلم خلاف سراپا احتجاج ہیں۔دھان کی امدادی قیمت مقرر کرنے کے بجائے گندم کی قیمتوں کا اعلان کسان دشمن اقدام ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب صوبے میں دھان کی فصل کا موسم عروج پر ہے ، اس وقت حکومت کی جانب سے دھان کی امدادی قیمت مقرر کرنے کے بجائے گندم کی قیمتوں کا اعلان کرنا کسان دشمن اور زراعت دشمن اقدام ہے۔