اسلام آباد (عاطف شیرازی ،نامہ نگار) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PM&DC) نے ملک بھر کی یونیورسٹیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (MDCAT) 2025 کے شفاف، منصفانہ اور پُرامن انعقاد کے لیے تمام انتظامات کو بروقت مکمل کریں۔ یہ ہدایات صدر PM&DC پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج کی زیرِ صدارت منعقدہ اجلاس میں جاری کی گئیں، جس میں رجسٹرار PM&DC، امتحانی شعبہ کے سربراہان اور امتحان لینے والی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران صدر PM&DC نے کہا کہ MDCAT 2025 کے منصفانہ اور محفوظ انعقاد کے لیے امتحانی مراکز میں امیدواروں کے لیے مناسب نشستوں، سہولیات اور فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ صدر PM&DC نے واضح کیا کہ یونیورسٹیاں امیدواروں کو کاربن کاپی کے ساتھ ببل شیٹس فراہم کریں گی تاکہ شفافیت کو برقرار رکھا جا سکے، جبکہ سوالیہ پرچوں کی رازداری کے لیے تمام حفاظتی اقدامات کیے جائیں گے۔