کراچی (نیوز ڈیسک)غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے میںاسرائیلی کارروائیاں اور آبادکار حملوں میں شدت ، سفارتی سرگرمیاں تیز، اسرائیلی فائرنگ سے چھ فلسطینی زخمی، تین ماہی گیر گرفتار،اکتوبر میں سو سے زائد آبادکار حملے، تین ہزار زیتون کے درخت تباہ، حماس رہنما کا عالمی برادری سے مداخلت کا مطالبہ، ٹرمپ اور قطر کے امیر کی متوقع ملاقات اسرائیل میں اسٹریٹجک پیش رفت قرار، عرب میڈیا کے مطابق غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں اور آبادکار حملوں میں شدت آگئی ہے، جب کہ خطے میں سفارتی سرگرمیاں بھی تیز ہو رہی ہیں۔ غزہ میں اسرائیلی فائرنگ سے کم از کم چھ فلسطینی زخمی ہوئے، اور اسرائیلی بحریہ نے تین ماہی گیروں کو گرفتار کر کے ان کے آلات تباہ کر دیے۔ لبنان کے صوبہ نبطیہ میں ایک اسرائیلی حملے میں ایک شہری جاں بحق اور ایک زخمی ہوا۔ مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر جنین میں اسرائیلی فوج نے چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے ایک گھر کا محاصرہ کیا اور نگرانی کیمروں پر فائرنگ کی۔ اقوامِ متحدہ کے مطابق صرف اکتوبر میں تقریباً 100آبادکار حملے ریکارڈ کیے گئے جن میں زیتون کی فصل کے دوران 3 ہزار درخت تباہ کیے گئے۔