کراچی (نیوز ڈیسک) امریکا کے وزیر خارجہ مارکو روبیو کا کہنا ہے کہ پاکستان کیساتھ انسدادِ دہشتگردی سے آگے بڑھ کر معاشی شراکت داری چاہتے ہیں۔ واشنگٹن اسلام آباد کے ساتھ تزویراتی تعلقات بڑھا رہا ہے مگر بھارت سے دوستی متاثر نہیں ہوگی۔ امریکی وزیر خارجہ نے یہ بیان دوحہ روانگی پر دیا جہاں بھارتی ہم منصب سے آسیان اجلاس کے موقع پر ان کی ملاقات متوقع ہے۔ امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ امریکہ کے پاکستان کے ساتھ بڑھتے ہوئے تعلقات بھارت کے مفادات کے خلاف نہیں بلکہ دونوں ملکوں کے ساتھ تعلقات الگ نوعیت کے ہیں۔ انہوں نے دوحہ جاتے ہوئے کہا کہ "ہم بھارت کے ساتھ تاریخی اور گہرے تعلقات رکھتے ہیں، اور پاکستان سے تعلقات ان پر اثرانداز نہیں ہوں گے۔"انہوں نے کہا کہ یہ ایک بالغ اور حقیقت پسندانہ خارجہ پالیسی کا حصہ ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دور میں پاکستان کے ساتھ امریکی تعلقات میں بہتری آئی ہے۔