• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیر پر بھارتی غاصبانہ قبضے کے خلاف ملک بھر میں آج احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں

اسلام آباد( جنگ نیوز) کشمیر پر بھارتی غاصبانہ قبضے کے خلاف ملک بھر میں آج احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں منعقد کی جائیں گی،یوم سیاہ پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کیا جائے گا۔ پورے ملک میں صبح 10بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی، اس حوالے سے وزیراعظم ہاؤس سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ یومِ سیاہ کشمیرکے موقع پر مختلف سرکاری و نجی تقریبات، سیمینارز اور ریلیاں منعقد ہوں گی۔وزارت اطلاعات نے یوم سیاہ کشمیر کے موقع پراہل کشمیر کا نعرہ ”ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے“، نغمہ جاری کر دیا۔نغمے میں مقبوضہ کشمیر کے عوام سے یکجہتی کا اظہارکیا گیا، نغمے کی عکسبندی میں مقبوضہ کشمیر کے عوام پر بھارت کے مظالم کو اجاگر کیا گیا۔خیبرپختونخوا حکومت نے بھی 27اکتوبر کو ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ صوبے بھر میں صبح 10بجے یہ خاموشی بھارتی قبضے کے خلاف احتجاج اور کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے طور پر اختیار کی جائے گی۔ایک منٹ کی یہ خاموشی مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف احتجاجی سلسلے کا حصہ ہوگی۔27اکتوبر1947کو بھارت نے ریاست جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیا، جب اُس وقت کے حکمران مہاراجہ ہری سنگھ نے بھارت کے ساتھ نام نہاد “الحاق” کے معاہدے پر دستخط کیے، جسے کشمیری عوام نے کبھی تسلیم نہیں کیا۔ اسی دن بھارتی فوج نے سری نگر ایئرپورٹ پر اتر کر وادی پر قبضے کا آغاز کیا۔پاکستان اور کشمیری عوام نے اس اقدام کو بین الاقوامی قوانین اور تقسیمِ ہند کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا، کیونکہ کشمیر ایک متنازع علاقہ تھا جس کا فیصلہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق استصوابِ رائے کے ذریعے ہونا تھا۔ پاکستان ہر سال 27اکتوبر کو “یومِ سیاہ” کے طور پر مناتا ہے تاکہ عالمی برادری کو یاد دلایا جا سکے کہ بھارت نے کشمیری عوام کے حقِ خود ارادیت کو دبا رکھا ہے۔ اس روز ملک بھر میں ریلیاں، جلسے اور اظہارِ یکجہتی کی تقاریب منعقد کی جاتی ہیں۔
اہم خبریں سے مزید