• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی ماسٹر پلان پر عمل ہوجاتا تو پی پی وزرا کنگال ہوجاتے، ایم کیو ایم

کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکزی رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ2007میں ورلڈ بینک کے تعاون سے تیار کیے گئے کراچی اسٹریٹیجک ماسٹر پلان کو 2018 میں منظور کرنے کے باوجود پیپلز پارٹی نے اسے اپنی ویب سائٹ سے ہٹا دیا، کیونکہ اگر اس پلان پر عملدرآمد ہو جاتا تو بلڈنگ مافیا اور واٹر مافیا کے عزائم خاک میں مل جاتے اور پیپلز پارٹی کے وزراء کنگال ہو جاتے، انہوں نے انکشاف کیا کہ سندھ حکومت نے بلاول بھٹو کے وژن کے مطابق سولر انرجی کے منصوبے کے نام پر ورلڈ بینک پروجیکٹ کے 26 ارب روپے ہڑپ کرلیے ہیں،وہ مرکز بہادرآباد میں وکلاء کی ٹیم اور مرکزی کمیٹی کے اراکین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے،انہوں نے ایڈوکیٹ طارق منصور اور پوری ایم کیو ایم کی ٹیم کو کراچی اسٹریٹیجک ماسٹر پلان پر قانونی کامیابی حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ عوامی مسائل کا یہ مقدمہ ایم کیو ایم تسلسل سے لڑتی رہے گی، انہوں نے کہا کہ عدالت نے ہماری درخواست پر اداروں کو پابند کیا ہے کہ وہ ماسٹر پلان پر عملدرآمد یقینی بنائیں، جس کے نتیجے میں کرپشن کے حیران کن انکشافات سامنے آئے ہیں ،خواجہ اظہار الحسن نے پیپلز پارٹی پر شدید نکتہ چینی کرتے ہوئے اسے کرپشن اور لوٹ مار کا دوسرا نام قرار دیتے ہوئے عسکری قیادت سے مطالبہ کیا کہ کور کمانڈر کراچی کے ذریعے کنٹونمنٹ ایریاز میں بھی ماسٹر پلان پر فوری عملدرآمد کروایا جائے کیونکہ یہ شہر یتیم خانہ بن چکا ہے جس کی ذمہ دار پیپلز پارٹی ہے، اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی علی خورشیدی نے زور دیا کہ ایم کیو ایم پاکستان شہری سندھ کی سب سے بڑی جماعت ہے اور ہمارا مطالبہ ہے کہ کراچی ہی نہیں، حیدرآباد، سکھر اور میرپور خاص سمیت سندھ کے تمام بڑے شہروں کے لیے ماسٹر پلان بنایا جائے اور متحدہ قومی موومنٹ اس کے نفاذ تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی،2دسمبر کو عدالت عالیہ کے سامنے تمام ادارے بیان حلفی جمع کروائیں گے، پریس کانفرنس میں سینیٹر خالدہ اطیب،اراکینِ اسمبلی احمد سلیم صدیقی، سکندرا خاتون، عامر صدیقی، معاذ محبوب، عادل عسکری اور ایڈووکیٹ نعیم صدیقی، ایڈووکیٹ محمد جیوانی اور وکلاء ٹیم کے اراکین بھی موجود تھے۔
اہم خبریں سے مزید