اسلام آباد(ایوب ناصر، خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ نوجوان ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں، نوجوانوں کو ساتھ ملا کر نومبر میں نظام بدل دو تحریک کی بنیاد رکھیں گے۔ پاکستان میں سب کچھ موجود ہے مگر نوجوانوں کو مایوس کیا جاتا ہے، مستقبل میں مایوس نوجوان نہیں سیاسی قبضہ گروپ ہوگا۔ اتوار کو اسلام آباد میں "بنو قابل پروگرام " کے تحت طلباو طالبات کے انٹری ٹیسٹ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی نوجوانوں کے ساتھ ہے ، یہ نوجوان ملک میں انقلاب برپا کریں گے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ تقریب سے الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمان، جماعت اسلامی اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل زبیر صفدر، بنوقابل پروگرام کے چیف ایگزیکٹیو نوید بیگ اور الخدمت اسلام آباد کے صدر الطاف شیر نے بھی خطاب کیا۔