کراچی (اسٹاف رپورٹر ) ڈیفنس گھر میں فائرنگ کے پر اسرار واقعے میں نوجوان ہلاک ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق کلفٹن تھانہ کی حدودڈی ایچ اے فیز 6توحید کمرشل بینک الحبیب کے قریب گھر سے ناصر حسین ولد امجد حسین کی لاش ملی جس کی موت گولی لگنے سے واقعے ہوئی،لاش کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر متوفی کی میت کو جناح اسپتال منتقل کیا ۔پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں واقعہ خودکشی کا معلوم ہوتاہے ۔ واقعے کی اطلاع مدد گار ون فائیو پر ملی تھی جس پر پولیس نے موقع پرپہنچ کر کرائم سین یونٹ کی مدد سے شواہد اکھٹے کئے ۔ موقع پر متوفی کا موبائل فون ، اسلحہ اور دیگر سامان ملا جسے پولیس نے قبضے میں لے لیا ہے ۔ فوری طور پر خودکشی کی وجوہات سامنے نہیں آسکی ہے ۔ورثاء کا کہنا تھا کہ تدفین کے بعدمزید قانونی کارروائی کروائیں گے پولیس نے لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا ہے ۔