کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو نیوز کے پروگرام ”نیا پاکستان“ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کرتے ہوئے سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک نیپرا کے ٹیرف پر کام کرنے کے لئے تیار ہے۔ ہم ساڑے چار سو فیڈرز کو بجلی نہیں دیں گے ۔ سینئر رہنما پیپلز پارٹی سردار تنویر الیاس نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ہمارے پاس سترہ ارکان پورے ہیں۔ سینئر رہنما نون لیگ راجا فاروق حیدر نے کہا کہ نون لیگ اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کر چکی ہے۔نون لیگ کسی کو ووٹ نہیں دے گی۔ صحافی انس ملک اور افتخار فردوس کے مطابق طالبان مذاکرات میں سنجیدہ نظر نہیں آتے۔ پاکستان نے واضح کیا ہے کہ اب زبانی نہیں بلکہ تحریری معاہدہ ہوگا۔ بارڈر سکیورٹی اور تجارت ایک ساتھ نہیں چل سکتی اور پاکستان اپنی ویزا پالیسی سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ میزبان شہزاد اقبال کے مطابق آزاد کشمیر میں حکومت کی تبدیلی طے پا گئی ہے اور نئے وزیراعظم کا اعلان بلاول بھٹو کریں گے جبکہ نون لیگ اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کر چکی ہے۔ کے الیکٹرک کے ٹیرف میں بڑی کٹوتی کو ماہرین نے صارفین کے لئے خطرے کی گھنٹی قرار دیا ہے۔ ادھر پاک افغان مذاکرات کے دوسرے دور میں پاکستان نے ٹی ٹی پی اور بلوچ گروپوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ دہرایا ہے۔ سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی نے کہا کہ ٹیرف سے متعلق نیپرا کے فیصلے کو دیکھ رہے ہیں بظاہر لگتا ہے کہ نیپرا نے صارفین کے مفاد کو دیکھتے ہوئے فیصلہ کیا۔ نیپرا ایکٹ یہ کہتا ہے کہ انویسٹر کیلئے ریٹرن ہونا چاہئے انویسٹر کو انکریج کرنا چاہئے ایکٹ میں تو کچھ اور لکھا ہے جبکہ نیپرا نے کیا کچھ اور ہے۔ کراچی کو تقریباً بائیس سو فیڈرز سے بجلی فراہم کرتے ہیں کے الیکٹرک نیپرا کے ٹیرف پر کام کرنے کیلئے تیار ہے۔