کراچی (اسٹاف رپورٹر)نائب امیر جماعت اسلامی کراچی و اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی مسئلے کا حل نہیں بلکہ خود سب سے بڑی مصیبت ہے وہ جماعت اسلامی ضلع شمالی کے تحت نیو کراچی میں 7000روڈ کی تعمیر کے سلسلے میں لگائے گئے احتجاجی کیمپ کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے انہوں نے کہاکہ دنیا کے بدترین 173 شہروں میں کراچی 170ویں نمبر پر ہے یہ پیپلز پارٹی کی حکمرانی کا ”کارنامہ“ ہے۔ سندھ حکومت، کے ایم سی سب اپنی ذمہ داریوں سے بھاگ رہے ہیں۔ لیکن جماعت اسلامی عوام کے ساتھ ہے، ہم کراچی کو دوبارہ روشنیوں کا شہر بنائیں گے،کرپشن کے نظام کا خاتمہ اور کراچی کے شہریوں کے جائز و قانونی حقوق چھین کر رہیں گے۔ہم نے 7000 روڈ کی تعمیر کے لیے جدوجہد کا آغاز کر دیا ہے،جب تک یہ سڑک مکمل نہیں ہو جاتی جدوجہد جاری رہے گی، ہم روڈ کا مسئلہ سٹی کونسل، صوبائی اسمبلی سمیت ہر فورم پر اٹھائیں گے۔ شہری جماعت اسلامی کے ساتھ اس جدوجہد میں شامل ہوں۔ اپنے حقوق کے لیے سڑکوں پر آئیں، دھرنوں میں شریک ہوں، اور ظلم کے نظام کے خلاف کھڑے ہوں۔شہر کے تعلیمی ادارے، سڑکیں، پارک اور سیوریج کا نظام درست کرنے کے لیے جدوجہد ومزاحمت کو مزید تیز کریں گے۔احتجاجی کیمپ سے امیرجماعت اسلامی ضلع شمالی طارق مجتبیٰ نے بھی خطاب کیا۔