معروف ڈرامہ جن کی شادی اُن کی شادی کے مصنف کا شمعون عباسی کے دعوے پر ردِعمل سامنے آگیا۔
مقبول ڈرامہ جن کی شادی اُن کی شادی اپنی منفرد ہارر کامیڈی کہانی کے باعث ناظرین میں خاصا پسند کیا جا رہا ہے تاہم اس ڈرامے سے متعلق ایک غیر متوقع تنازع سامنے آیا جس میں معروف اداکار شمعون عباسی کا نام بھی شامل ہے۔
شمعون عباسی نے دعویٰ کیا تھا کہ ڈرامہ جن کی شادی اُن کی شادی دراصل میرا لکھا ہوا اسکرپٹ ہے، اس کی کہانی کا تصور (concept) میں نے دیا تھا اور میں اسے خود ڈائریکٹ کرنے والا تھا، میرا نام ابتدائی اسکرپٹ پر درج تھا مگر کریڈٹ نہیں دیا گیا۔
اس معاملے پر ڈرامے کے مصنف سید نبیل نے ردعمل دیتے ہوئے شمعون عباسی کے دعوے کی جزوی تصدیق کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شمعون عباسی درست کہہ رہے ہیں کہ کہانی کا بنیادی خیال ان کا تھا اور میں یہ نہیں کہتا کہ وہ اس میں شامل نہیں تھے تاہم میں نے مکمل اسکرپٹ لکھا ہے اور کہانی کا بہاؤ بطور مصنف میں نے تشکیل دیا ہے۔
سید نبیل نے مزید کہا کہ شمعون عباسی، میں خود اور ڈائریکٹر سیفی حسن تینوں اس ڈرامے کی کامیابی کے برابر کے شریک ہیں۔
ڈرامہ جن کی شادی اُن کی شادی اپنی منفرد موضوع اور متاثرکن اداکاری کے باعث شائقین میں غیر معمولی مقبولیت حاصل کر رہا ہے۔