• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملائیکہ اروڑا نے خود کو 52 سالہ قرار دینے پر کیا کہا؟

ملائیکہ اروڑا—فائل فوٹو
ملائیکہ اروڑا—فائل فوٹو

بالی ووڈ اداکارہ اور ماڈل ملائیکہ اروڑا نے حال ہی میں گوا میں اپنی 50 ویں سالگرہ منائی اور انسٹاگرام پر پارٹی کی تصاویر شیئر کیں، ان کی سالگرہ کی تقریب میں ان کے بیٹے ارہان خان، بہن امریتا اروڑا، قریبی دوست اور عزیز شریک ہوئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اس موقع پر کچھ سوشل میڈیا صارفین نے ملائیکہ کی عمر کے حوالے سے تنازع کھڑا کر دیا، جس سے فوری ہی سوشل میڈیا پر ویڈیوز کا طوفان آ گیا جن میں کہا جا رہا تھا کہ وہ 52 سال کی ہیں، تاہم جب ملائیکہ نے اپنی سالگرہ کی تصاویر پوسٹ کیں تو یہ واضح کر دیا کہ وہ درحقیقت 50 سال کی ہو چکی ہیں۔

ملائیکہ اروڑا نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ آج کی خواتین اب اصولوں کو ازسرِنو لکھ رہی ہیں، اُس حد سے کہیں آگے جو کبھی ان کے لیے مقرر کی گئی تھی، وہ اپنی جگہ خود بنا رہی ہیں، عمر میں اضافے نے مجھے یہ سکھایا ہے کہ مجھے اپنی کہانی خود لکھنی چاہیے، کسی کو یہ حق نہیں کہ وہ آپ کے لیے حدیں مقرر کرے، اب میں عمر کو اعزاز سمجھتی ہوں، یہ دانائی، مضبوطی اور اعتماد کی علامت ہے۔


اداکارہ نے کہا کہ ہماری انڈسٹری کی ہر خاتون نے اس دباؤ کو محسوس کیا ہے کہ ان کی ایک مخصوص شیلف لائف ہوتی ہے، خاص طور پر جب بات رقص یا پُرکشش کرداروں کی ہو۔

انہوں نے کہا کہ جب میں جوان تھی تو مجھے فکر رہتی تھی کہ میں یہ کام کب تک کر سکوں گی، مگر اب میرا نظریہ مکمل طور پر بدل چکا ہے، وقت کے ساتھ میں نے سمجھا ہے کہ صلاحیت، دلکشی اور موجودگی کو کسی وقت میں قید نہیں کیا جا سکتا۔

واضح رہے کہ ملائیکہ اروڑا نے اپنے کیریئر کا آغاز ایم ٹی وی انڈیا میں ایک وی جے کے طور پر کیا تھا اور بعد میں ماڈلنگ کی دنیا میں داخل ہوئیں، 1998ء میں انہوں نے شاہ رخ خان کے ساتھ مشہور گانے ’چل چھیا چھیا‘ میں پرفارم کیا تھا اور ایک پاپ کلچر آئیکون بن گئی تھیں۔

ملائیکہ اپنی رقص کی بہترین مہارت کے لیے مشہور ہیں اور بالی ووڈ کے کئی مشہور گانوں میں جلوہ گر ہو چکی ہیں، جن میں دبنگ کا گانا ’منی بدنام ہوئی‘ اور ہاؤس فل 2 کا گیت ’انارکلی ڈسکو چلی‘ شامل ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید