• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغان سرزمین ہمارے خلاف استعمال ہوئی تو فضائی حملے کریں گے، خواجہ آصف

اسلام آباد ( نیوز ر پو رٹر)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ طالبان رجیم صرف اپنیقابض حکمرانی اور جنگی معیشت کو بچانے کیلئے افغانستان کو ایک اور تنازع میں دھکیل رہی ہے،افغان سرزمین ہمارے خلاف استعمال ہوئی تو فضائی حملے کرینگے، افغان طالبان کا صفایا کر دینگے، غاروں میں چھپنے پر مجبور کرنے کیلئے پاکستان کو پوری قوت استعمال کرنے کی ضرورت نہیں، ضرورت پڑی تو انہیں تورا بورا جیسے مقامات پر شکست دیکر مثال بنا سکتے ہیں جو اقوام عالم کیلئے دلچسپ منظر ہوگا۔ بدھ کواستنبول مذاکرات کے بے نتیجہ ہونے پرسماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پراپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ افغان طالبان رجیم مسلسل برادر ممالک سے مذاکرات کیلئے درخواست کر رہی تھی، برادر ممالک کی درخواست پر پاکستان نے افغان طالبان رجیم کے ساتھ امن کی خاطر مذاکرات کی پیشکش کو قبول کیا۔وزیر دفاع نے کہا کہ بعض افغان حکام کے زہریلے بیانات یہ ظاہر کرتے ہیں کہ طالبان رجیم میں انتشار اور دھوکہ دہی بتدریج موجود ہے،پاکستان یہ واضح کرتاہے کہ طالبان رجیم کو ختم کرنے یا انہیں غاروں میں چھپنے پر مجبور کرنے کیلئے پاکستان اپنی پوری طاقت استعمال کرنے کی ہرگز ضرورت نہیں،اگر ضرورت پڑی تو ہم انہیں تورا بورا جیسے مقامات پر شکست دیکر لوگوں کیلئے مثال بنا سکتے ہیں جو اقوام عالم کیلئے دلچسپ منظر ہوگا۔انہوں نے کہا کہ افسوس ہوتا ہے کہ طالبان رجیم صرف اپنی قابض حکمرانی اور جنگی معیشت کو بچانے کے لیے افغانستان کو ایک اور تنازعہ میں دھکیل رہی ہے۔

اہم خبریں سے مزید