• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیلڈ مارشل عاصم منیر کی افغانستان کی طالبان حکومت کو سخت وارننگ

اسلام آباد ( طاہر خلیل )چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نےافغانستان کی طالبان حکومت کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان سمیت تمام ہمسایوں کے ساتھ امن کا خواہاں ہے تاہم افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف سرحد پار دہشت گردی برداشت نہیں کریں گے‘امن کے بغیر معاشی سرگرمیاں اور ترقی ممکن نہیں‘پاکستان خصوصا خیبر پختونخوا کو دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں سے پاک کر دیا جائے گا ۔ آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق جمعرات کو فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پشاور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے قبائلی عمائدین کے جرگے کے ساتھ تفصیلی ملاقات کی۔علاوہ ازیں آرمی چیف کو11کورہیڈ کوارٹرز میں موجودہ سکیورٹی صورت حال‘آپریشنل تیاریوں‘پاک افغان سرحد پر امن و استحکام اور انسداد دہشت گردی کی کوششوں پر جامع بریفنگ دی گئی۔جرگے سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈمارشل کا کہناتھاکہ قبائلی عوام کی سیکورٹی فورسز کے ساتھ غیرمشروط حمایت کو سراہتے ہیں، پاکستان تمام ہمسایہ ممالک بشمول افغانستان کےساتھ امن چاہتا ہے۔آرمی چیف کو 11 کور ہیڈکوارٹرز میں سیکورٹی صورتحال، آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی ‘ فیلڈ مارشل نے خیبر پختونخوا کے بہادر عوام کی دہشت گردی کےخلاف جدوجہد کی تعریف کی‘ قبائلی عمائدین نے مسلح افواج کے ساتھ مکمل حمایت اور یکجہتی جبکہ افغان طالبان رجیم کیخلاف فوجی کارروائیوں کی حمایت کا اعادہ کیا۔فیلڈ مارشل عاصم منیر کاکہناتھاکہ افغان سرزمین سے جاری سرحد پار دہشت گردی کے باوجود صبر اور متعدد سفارتی اقدامات کیے‘پاکستان نے دو طرفہ تعلقات بہتر بنانے کےلیے متعدد پیشکش کیں، افغان طالبان رجیم بھارتی سرپرستی والے دہشت گردوں کیخلاف کارروائی نہیں کررہی۔فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کو افغان طالبان رجیم نے مدد فراہم کی‘ پاکستان خصوصاً خیبر پختونخوا دہشتگردوں اور ان کے مددگاروں سے پاک ہوگا۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردوں کیخلاف مؤثر کارروائیاں جاری رہیں گی۔اس موقع پر قبائلی عمائدین نے کہا کہ فتنہ الخوارج کا منحرف نظریہ خیبر پختونخوا کے قبائل میں قابل قبول نہیں، فیلڈ مارشل نے مقامی رہنماؤں کی مدد سے علاقے میں استحکام کیلئے حکمت عملی پر زور دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق جرگے میں علاقائی امن‘سرحدی حفاظت اور مقامی تعاون کے موضوعات پر بات ہوئی، بریفنگ میں جاری انسداددہشت گردی آپریشنز کی تفصیلات اور مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا ۔ فیلڈ مارشل نے کہا کہ مقامی تعاون دہشت گردی کیخلاف کامیابی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے، قبائلی عمائدین امن کے قیام میں فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ قبائلی عمائدین نے بھی علاقے کی حفاظت کیلئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔عاصم منیر نے کہا کہ قومی سلامتی اور سرحدی سالمیت کیلئے ہمہ جہت کوششیں جاری رکھی جائیں گی، فیلڈ مارشل نے مقامی معیشت اور بنیادی ڈھانچے کی بحالی میں امن کی اہمیت پر زور دیا،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ امن کے بغیر معاشی سرگرمیاں اور ترقی ممکن نہیں، ریاست اور مسلح افواج اپنی عوام کےساتھ ہیں اور تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔

اہم خبریں سے مزید